منگلورو:یکم ؍فروری(ایس اؤ نیوز) پمپ ویل فلائی اوور کا کام شروع ہوکر 10برس نہیں ہوئے ہیں، میرے پاس ریکارڈ موجود ہے، 2016میں مہاویر سرکل پر موجود کلس کو نکالنے کے بعد 2017میں تعمیراتی کام شروع ہوا تھا۔ اب 2برس 2مہینوں میں کام تکمیل کو پہنچا ہے۔اس بات کی جانکاری دکشن کنڑا کے رکن پارلیمان نلین کمار کٹیل نے دی۔
شہر کے پمپ ویل فلائی اوور برج کا جمعہ کو افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے ایم پی نے کہاکہ ٹھیکدار کمپنی نویوگ کمپنی نے مرکزی حکومت کو سونپی رپورٹ کے مطابق جولائی 2020کو کام مکمل کرنے کی بات کہی تھی ، 6مہینے پہلے ہی کام مکمل ہوکر فلائی اوور کا افتتاح کیا گیا ہے۔نلین کمار کٹیل کے مطابق پمپ ویل فلائی اوور کی تعمیر میں تاخیر کے لئے کانگریس ذمہ دار ہے، 2009میں اس وقت کے وزیر اعظم من موہن سنگھ کی قیادت والی یو پی اے حکومت نے قومی شاہراہ کی تعمیر کے لئے جو ضوابط وضع کئے تھے تاخیر کے لئے وہی اہم وجہ ہے، اس کے ساتھ اُس وقت کی مہانگر پالیکا ، اُس وقت کے ارکان اسمبلی اور نگراں کار وزیر بھی اتنے ہی ذمہ دار ہیں، یہ میں تنقید کا جواب نہیں دے رہاہوں ، مگر اس میں میری کوئی غلطی نہیں ہے، کٹیل کے مطابق تاخیر کےلئے کانگریس ہی ذمہ دار ہے۔
کٹیل کے مطابق پمپ ویل فلائی اوور کی تعمیر میں دیر ی ضرور ہوئی ہے لیکن تعمیراتی کام تیز رفتاری سے انجام پایاہے، کٹیل کے مطابق فلائی اوور کی تعمیر میں تاخیر ہونے سے غریبوں کو کوئی تکلیف نہیں ہوئی ہے، مگر گزشتہ کچھ برسو ں سے اُلال میں 400غریب لوگ گھروں کے انتظار میں ہیں، انہوں نے سوال کیا کہ اُن غریب لوگوں کو مکانات فراہم کرنے کے لئے کانگریس کب پدیاترا کرے گی ؟
ضلع نگراں کار وزیر شری نواس پجاری نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حزب مخالف پارٹیوں کی تنقید اور اُن کا احتجاج غلط نہیں ہے، لیکن تاخیر کے لئے ایم پی کو ذمہ دار ٹھہرانے والے آج تعمیراتی کام مکمل ہونے پر ضلعی انتظامیہ کو مبارکباد نہ دینا افسوس کی بات ہے۔ رکن اسمبلی وید ویاس کامت نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ فلائی اوور کے افتتاح میں تاخیر کے لئے کون ذمہ دار ہے رکن پارلیمان نے اس کی تفصیل بتائی ہے، رکن اسمبلی کے طورپر خود مجھے بھی احساس ہے، ڈیمڈ فاریسٹ زمین پر 900لوگوں کے لئے گھروں کی تعمیر کا وعدہ کرکے انہیں حق پترا دیاگیا ، اب قانون کا مسئلہ درپیش ہونے سے لوگ مجھ سے سوال کررہے ہیں۔ رکن اسمبلی ڈاکٹر بھرت کمار شٹی ، بی جےپی ضلع صدر ایم سدرشن ، سابق رکن اسمبلی یوگیش بھٹ، پالیکا ممبران پریمانند شٹی ، سدھیر شٹی ، کشور رائی ، سندیپ گروڑی ، قومی شاہراہ اتھارٹی کے منصوبہ جات ڈائرکٹر ششو موہن موجود تھے۔